سیدنا عثمانِ غنیؓ جامع القران ‘محسنِ انسانیت ہیں‘ زبیر احمد ظہیر

لاہور(نوائے وقت رپورٹ ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے سیدنا عثمانِ غنی محسنِ انسانیت اور شہیدِ قرآن ہیں۔ حکمرانوں کی تاریخ میں وہ واحد ایسے رحم دل اور مشفق حکمران ہیں جنہوں نے وقت کی سپر پاور کے سربراہ ہونے کے باوجود اپنی جان اور اپنا اقتدار بچانے کے لئے کسی ایک انسان کے خون کا قطرہ بہانا بھی گوارا نہیں کیا۔ پوری انسانی تاریخ میں ایسے بے مثل ایثار و قربانی کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں شہادت عثمان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ مولانا فیاض احمد سلفی ، مولانا عبد الستار نیازی ، حافظ ذوالقرنین عثمانی ، اور پروفیسر عدنان فیصل نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا وہ ایثار و قربانی ، جود و سخاوت کے پیکر تھے۔ وہ حضور پاک ، اہلِ بیتِ رسول ، صحابہ کرام اور امت کے عظیم خدمت گار اور وفادار تھے۔ وہ اللّٰہ کی پسندیدہ اور منتخب ہستی تھے۔ اسی لئے آج پوری دنیا میں مصحفِ عثمانی کو ہی کلام الٰہی کا مستند اور صحیح نسخہ  مانا جاتا ہے۔ انکی مقبولیت اور محبوبیت کی اس سے بڑی دلیل اور کیا ہوسکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن