جہلم: غیر قانونی گیس فلنگ پر سلنڈر دھماکہ، ہوٹل منہدم، 7افراد جاں بحق، 10زخمی

جہلم‘ لاہور (نامہ نگاران) تھانہ کالا گجراں سے چند گز کے فاصلے پر برلب جی ٹی روڈ راٹھیاں کے مقام پر قائم ہوٹل کی تین منزلہ عمارت سلنڈر دھماکے سے منہدم ہوگئی۔ ملبے تلے دب کر 7 افراد جاں بحق جبکہ 10سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیوں نے نعشیں‘ زخمی نکالے۔ انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہوٹل سے ملحقہ دکانوں میں ایل پی جی گیس ری فلنگ کی ایجنسی موجود تھی۔ ایل پی جی گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 منزلہ عمارت منہدم ہونے سے ہوٹل میں موجود ناشتہ کرنے والے مزدور، ہوٹل مالک ملبے تلے دب گئے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122، انجینئر رانا سعید سمیت ایلیٹ فورس، موٹر وے پولیس، پٹرولنگ پولیس کی بھاری نفری امداد کے لئے موقع پر پہنچ گئی ۔ امدادی ٹیموں کی محنت کے بعد ملبے تلے سے 15 زخمیوں جن میں یاسر ولد محمد گلستان قوم کھوکھر سکنہ کالا گوجراں، جاوید اقبال ولد محمد سلیم سکنہ رانجھا میرا، ظفر اقبال ولد خوشی محمد سکنہ ناڑا ٹاؤن، دانیال افضال ولد محمد افضال سکنہ حال شاندار چوک، زریاب افضال ولد افضال سکنہ حال شاندار چوک، ظفر اقبال قریشی ولد ماسٹر شبیر قریشی سکنہ قاضی آباد، راٹھیاں، عبد الشکور ولد مشتاق احمد سکنہ پدھری، ڈومیلی، توصیف خالد ولد خالد محمود سکنہ بڑا گواہ ،عمران حسین ولد منیر حسین سکنہ کنتریلہ ،رضا حسن ولد غضنفر علی سکنہ بھوگی چک دینہ، کو نکال لیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں محمد افضل ولد محمد فاضل سکنہ راٹھیاں، یاسر محمود ولد محمد کمیر سکنہ کوہالی، ڈومیلی، دلاور ولد عبد الرحمن سکنہ کشمور، سندھ، تنویر احمد ولد عبد الفاروق سکنہ ملوٹ، منیر حسین ولد اللہ دتہ سکنہ کونتریلہ شامل ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ سول ڈیفنس کے افسروں و عملے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ آئے روز ایل پی جی گیس ری فلنگ کی دکانوں کی وجہ سے حادثات پیش آرہے ہیں ۔ سول ڈیفنس کے ذمہ داران نے غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والے دکانداروں کے ساتھ معاملات طے کررکھے ہیں۔ شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم میں جاں بحق اور زخمیوں کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سول ڈیفنس کے افسران و عملے کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے۔ ادھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او جہلم کو کالا گجراں کے علاقہ میں نجی ہوٹل میں سلنڈر بلاسٹ کے واقعہ کے ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں میں ضلعی اداروں کو مکمل معاونت کی ہدایات دی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس  نے بتایا کہ واقعہ میں 2 شہری جاں بحق،10 شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج معالجے کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ ضلعی ایم جی آفیسر سعید احمد کے مطابق ملبے تلے دبے آخری شخص کو مردہ حالت میں نکال لیا گیا۔ واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...