پاکستانی طلباء کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر امریکہ کے شکرگزار ہیں: مسعود خان

امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان کہا ہے کہ پاکستانی طلبا کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے  امریکی حکومت کی مسلسل حمایت کے شکرگزار ہیں ۔پاکستانی سفیر کے ڈیلاس ٹیکساس کے دورے کے موقع پر پاکستانی طلبا اور ڈاکٹروں کے لئے دو اہم پروگراموں 'طاہرہ خاتون ایجوکیشنل پروگرام اور ناگی قرض پروگرام فار فزیشنز' کا آغاز کر دیا گیا، یو ایس شیپ کے تحت شروع کئے گئے ان پروگراموں کا مقصد باصلاحیت پاکستانی طلبا اور پیشہ ور افراد کو امریکہ میں معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔ سماجی انصاف،  ہیلتھ کئیر تک رسائی، وکالت، غربت کے خاتمے، اور تعلیم کے فروغ کے مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے  اس  اقدام  کو یو ایس شیپ کا نام دیا گیا ہے جو انہی  الفاظ کا مخفف ہے ۔پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل بنانے والے قرار دیتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی طلبا کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی روابط اور تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے اس اقدام  کو سراہا۔مسعود خان نے  یو ایس شیپ کو شروع کرنے پر چیئرمین ڈاکٹر را کامران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عطیہ دہندگان کو اس نیک مقصد میں فراخدلی سے تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستانی طلبا کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے  امریکی حکومت کی مسلسل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سفیر  پاکستان نے کہا کہ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ  پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے اور ہمارے طلبا کو امریکی تعلیمی اداروں سے جوڑنے کی کوششوں میں ایک ثابت قدم شراکت دار رہا ہے ۔امریکہ میں پاکستانی طلبا کی تعداد کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسعود خان نے  مختصر مدتی ہدف کے حوالے سے مختلف شعبوں میں پاکستانی طلبا کی تعداد کو سولہ ہزار کرنے پر زور دیا۔ سفیر پاکستان  نے خاص طور پر پاکستانی انجینئرز، آئی ٹی پروفیشنلز، منیجرز اور کاروباری افراد کے لئے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو اپنے متعلقہ شعبے میں امریکی اداروں کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے اس مقصد کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کو سفارت خانے اور قونصل خانوں کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔یو ایس شیپ کے چیئرمین را کامران نے تنظیم کی تاریخ اور کامیابی اور اس کے قرض کے پروگراموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ  امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم'' اپنا'' کے تحت 2015 میں شروع کیا گیا یہ سود سے پاک قرضہ پروگرام یو ایس ایم ایل ای کے خوابوں کو حاصل کرنے کے خواہشمند غریب ڈاکٹروں کے لئے ایک لائف لائن رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 30 سے زیادہ ڈاکٹروں نے کامیابی کے ساتھ فیلوشپ کی تربیت مکمل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو ایس شیپ نے اپنے پورٹ فولیو کو وسعت دی ہے  تاکہ اس پروگرام میں  پاکستان کے انجینئرز اور آئی ٹی ماہرین کو بھی  شامل کیا جا سکے ۔ممتاز پاکستانی امریکن کاروباری شخصیت سید جاوید انور نے اس موقع پر اپنا ذاتی سفر سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی کرنے والے مسٹر ناتھنیل لین نے دو طرفہ تعلیمی تبادلے کی اہمیت کواجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کی تعداد میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے جو بڑھتے ہوئے تعلیمی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یو ایس شیپ کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور اس پروگرام کے لئے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر دی نیشن