شارع فیصل کی خوبصورتی کے منصوبے پر 20 کروڑ روپے لاگت آئےگی:میئر کراچی

Jul 10, 2023 | 18:13

ویب ڈیسک

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شارعِ فیصل کی خوبصورتی اور بہتری کے منصوبے پر 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی جس سے شہرِ قائد کا امیج بہتر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق شارعِ فیصل کی تعمیر و ترقی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چند سال پہلے تک شارعِ فیصل کی حالت خراب تھی، پی پی پی حکومت نے ڈرینیج بہتر کرنے کا فیصلہ کیا۔تقریب سے خطاب کے دوران میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے مختلف مقامات پر ڈرینز ڈالیں۔ گزشتہ بارشوں میں بارش کا پانی جمع نہیں ہوسکا۔ اب اس سڑک پر آپ کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں دیکھ سکیں گے۔ہم نے پیپلز پارٹی سمیت سب جماعتوں کے جھنڈے اتار دئیے۔میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ ”محبوب آپ کے قدموں میں“ اور معالج کے اشتہارات کا علاج کیا جائے گا۔ سڑکیں خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ترقیاتی منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 20کروڑ روپے ہے۔مرتضیٰ وہاب نے بیوٹیفیکیشن منصوبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم شارعِ فیصل کو ائیرپورٹ سے لے کر میٹروپول تک خوبصورت اور سرسبز بنائیں گے۔ مرکزی شارع بہتر ہوگی تو اس سے کراچی کے مجموعی تاثر میں بھی بہتری پیدا ہوگی۔ 

مزیدخبریں