کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط، چیئرمین پی سی بی نے کوچز کو فری ہینڈ دیدیا

Jul 10, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز نے اہم ملاقات کی۔ وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن‘ ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں بیٹنگ‘بائولنگ خصوصا فیلڈنگ کو بہتر بنانے کیلئے جامع پلان وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کھلاڑی کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے تاہم اچھے کمبی نیشن کا فقدان ہے۔ محسن نقوی نے کوچز کو فری ہینڈ دیدیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا آپ پر پورا اعتماد ہے۔ کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔غیر ملکی کوچز نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے پلان سے بھی آگاہ کیا۔محسن نقوی نے کوچز کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی  اس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے کپتان برقرار رہنے یا نہ رہنے سے متعلق ابھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ کھلاڑیوں کیساتھ ڈومیسٹک کرکٹ پر گفتگو ہوئی، کھلاڑیوں سے ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنے پر مشاورت ہوئی۔ کرکٹرز نے ڈومیسٹک سٹرکچر بہتر بنانے پر زور دیا اور کھلاڑیوں نے فٹنس پر کوئی رعایت نہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔سوال پر کہ بابر اعظم کپتان رہیں گے؟ محسن نقوی نے جواب دیا کہ ابھی اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں