لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ڈیرہ غازی خان اور ملتان ریجن میں امام بارگاہوں، عزاداری جلوسوں کے روٹس کا دورہ،آر پی او ڈیرہ غازی خان اور آر پی او ملتان نے آئی جی پنجاب کو محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں،کمیونٹی لیڈرز، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے، صوبائی وزرا، علما کرام، آرمڈ فورسز، رینجرز، سکیورٹی ایجنسیز کے تعاون سے بہترین انتظامات عمل میں لائے ہیں، صرف انتہائی ضرورت کے تحت ہی مخصوص دنوں اور اوقات میں ڈبل سواری اور موبائل سروس پر جزوی پابندی ہو گی،ڈیرہ غازی خان کے لئے تھرمل امیج کیمرے اور اسلحہ بردار تھرمل امیج ڈرونز، اے پی سیز کی فراہمی ترجیح ہے، سرحدی چوکیوں، بارڈر ملٹری پولیس کی مضبوطی، فورس کی بہترین ٹریننگ، پروموشن اور ویلفیئر کے اقدامات جاری ہیں اور خدمت مراکز، سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز، سے لوگوں کیلئے سروس ڈیلیوری میں بہتری لائے ہیں۔ عشرہ محرم کے دوسرے روز پولیس ٹیموں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دوسرے محرم کو صوبہ بھر میں 90 عزاداری جلوس برآمد اور 3549 مجالس منعقد ہوئیں، 26 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ صوبائی دارالحکومت میں 2500 افسران و اہلکار محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں جنہوں نے لاہور میں منعقدہ 8 جلوس اور 386 مجالس کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔