لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایف بی آر 12970ارب کا ٹیکس ہدف تو پورا کرلے گا مگر سخت فیصلوں سے معیشت سکڑ جائے گی ،فنانس ایکٹ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے مشکلات پیدا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے ٹیکس بارز کے وفد سے گفتگو کرتے کیا۔ انہوںنے کہا کہ فنانس ایکٹ کی منظوری کے بعد تمام ایسوسی ایشنز ،چیمبرز اورتاجر تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں جو اچھا شگون نہیں ۔ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے اپیل ہے کہ فی الفور مشاورت کا آغاز کریں اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے فنانس ایکٹ میں تبدیلیاں کی جائیں۔صنعتکاروں کیلئے جو پہلے ٹیکس رجیم تھا اس کو ہی بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا سب سے پہلے ایف بی آر اپنا اعتماد بحال کرے ،غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے پرکشش منصوبے پیش کرنے ہوں گے۔
ایف بی آر ٹیکس ہدف پورا کرلے گا،سخت فیصلوں سے معیشت سکڑ جائیگی:میاں غفار
Jul 10, 2024