لاہور (نیوز رپورٹر)این ٹی ڈی سی ہیڈ کوارٹر، واپڈا ہاوس لاہور (09 جولائی2024) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے 884 میگاواٹ سستی پن بجلی کی ترسیل کیلئے 75 کلو میٹر طویل 500 کے وی ڈبل سرکٹ سکی کناری ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر مکمل کر لی ہے جو ملک میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری میں ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ ٹرانسمیشن لائن خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر واقع سکی کناری پن بجلی منصوبے سے 884 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرے گی۔ یہ ٹرانسمیشن لائن سکی کناری پاور ہائوس سے 500 کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کے انٹر کنکشن پوائنٹ تک تعمیر کی گئی ہے۔ٹرانسمیشن لائن کیلئے تعمیراتی کام جولائی2021 میں شروع کیا گیا تھا۔ منصوبے کی تکمیل تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔سکی کناری ٹرانسمیشن لائن این ٹی ڈی سی کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرے گی۔ملک کی سماجی و اقتصادی صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کرے گی۔ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر قیصر خان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر محمد مصطفی اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ایس او) محمد وسیم یونس نے ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پر متعلقہ پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔