بجلی ٹیرف پر نظرثانی کا حکومتی دعویٰ جھوٹ‘دھوکے میں نہیں آئیں گے:امیر العظیم 

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ بجلی ٹیرف پر نظرثانی کے حکومتی دعوے جھوٹ ہیں، کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے، آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے جائیں۔ جماعت اسلامی ہر حال میں 12جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی،جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو مطلع کردیا ، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن دھرنے کی قیادت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر العظیم نے حکومت کو خبردار کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی،  ناجائز ٹیکسز کی واپسی اور آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی کے عوامی مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر شٹر ڈاؤن کی کال دیں گے۔جاوید قصوری نے کہا کہ وسطی پنجاب میں 100 کیمپ لگائے ہیں، عوام کو موبلائز کر رہے ہیں،   پنجاب بھر سے دھرنے کیلئے قافلے   روانہ ہونگے، دیگر صوبوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ پہنچیں گے۔ دھرنے میں نوجوان، کسان، مزدور، وکلا، تاجر اور خواتین کی بھی شرکت کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن