چین میں پہلی مرتبہ فضائی سفر کرنے والی خاتون کی حرکت سے طیارے کے دیگر مسافروں کے اوسان خطا ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق چینی فضائی کمپنی کی پرواز 2754 کا طیارہ روانگی کے لیے رن وے پر کھڑا تھا کہ ایک مسافر خاتون نے غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیایہ واقعہ چار جولائی کو ملک کے مشرقی صوبے چج یانگ میں چوچو کے ہوائی اڈے پر پیش آیا۔ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار کے مطابق چینی خاتون بیت الخلا کی تلاش میں طیارے کے پچھلے حصے کی طرف گئی اور پھر غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول بیٹھی۔ اس کے نتیجے میں جہاز میں موجود مسافروں میں ہلچل اور افراتفری مچ گئی۔ پرواز کو فوری طور پر منسوخ کر کے تمام مسافروں کو طیارے سے اتار لیا گیا۔طیارے کے متاثرہ مسافروں کو ایک ہوٹل پہنچایا گیا اور فی کس 55 امریکی ڈالر زر تلافی ادا کیا گیا۔ دروازہ کھولنے والی خاتون کو بھی ہوٹل منتقل کیا گیا تا کہ پولیس اس سے پوچھ گچھ کر سکے۔واضح رہے کہ طیارے کے ماڈل کے اعتبار سے ہنگامی دروازہ متحرک کرنے پر ایک سے دو لاکھ یوآن (چینی کرنسی) خرچ آتا ہے۔