اسلام آباد ( محمد ریاض اختر ) بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ہمشیرہ فاطمہ جناحؒ سے منسوب فاطمہ جناح یونیورسٹی میں راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی طرف سے میٹرک کے سالانہ رزلٹ کی تقریب کے اختتامی لمحات میں سربراہ بزم عروج ادب پاکستان نعیم اکرم قریشی نے مہمانان خصوصی راجہ انجنیئر قمر السلام، بیرسٹر عقیل ملک اورملک ابرار احمد کو یاد دلایا یہ غیر معمولی دن ہے آج مادر ملت ؒکی برسی ہے۔ نشاندہی کے بعد تعلیمی اجتماع میں محترمہ فاطمہ جناح کی 131 ویں برسی کے موقع پر اجتماعی دعا کرائی گئی۔ 1179 نمبروں کے ساتھ راولپنڈی بورڈ کے ٹاپ پوزیشن ہولڈر اقصیٰ نور، 1178 نمبروں کے ساتھ مجموعی طور پر دوسری اور1170 نمبروں کے ساتھ بوائز گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد آیان اقبال کا کہنا تھا 12 سے 14 گھنٹوں کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے ہم سے خوشیاں چھین لی ہیں ۔ کیا ایسے پاکستان کے لیے برصغیر کے مظلوم اور مجبور مسلمانوں نے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی ۔پوزیشن ہولڈرزنے پاکستان کے ’’بڑوں‘‘ سے بے روزگاری ، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سمیت درپیش مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔