لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صدر آصف زرداری نے بڑے زمینداروں پر ٹیکس لگانے کی حمایت کر دی اور کہا کہ بڑے زمینداروں پر ٹیکس لگانا پڑے گا، عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم یف کا مطالبہ ہے۔ لاہور میں پروفیسر وارث میر میموریل سیمینار سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پروفیسر وارث میر سے شہید بینظیر بھٹو مشورے لیا کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں جتنی تنقید مجھ پر ہوئی ہے کسی اور پر نہیں ہوئی، میں ٹی وی نہیں دیکھتا، غیبت کو اپنے لیے ثواب کا سبب سمجھتا ہوں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ میں آزادی صحافت کے ساتھ ہوں لیکن گروپ بنا کر کسی مقصد کیلئے ہونے والی آزادی صحافت کے خلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی مضبوط لابی مسلم دنیا میں تقسیم لانے کے لیے اپنی طرف سے پرسپشن بنانا چاہتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کھرب پتی دوستوں نے ایک مودی میڈیا بنا دیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج سوشل میڈیا کا دور ہے، ہر بات دنیا کے سامنے رکھی جاسکتی ہے لیکن سوشل میڈیا میں بھی گروپنگ نظر آتی ہے۔ زندگی میں ہر قسم کی آزمائش آتی ہے اور ہر آزمائش کا سامنا کرنا ہے، ایمان ہے جانا اس دن ہے جب مولا لے جائے گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج محترمہ فاطمہ جناح کی ولادت کا دن ہے ان کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگرو فارم، ایگرو انڈسٹری مستقبل ہے، کچھ دوستوں کو سمجھ نہیں آتی وہ زراعت پر انکم ٹیکس لگانے جا رہے ہیں۔ ملک بنانے میں صرف مالیات نہیں کچھ اور چیزوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ میں آزادی صحافت کے ساتھ ہوں، سیلف آزادی کے نہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا میں ٹی وی نہیں دیکھتا، لوگ کہتے ہیں آپ ٹی وی کیوں نہیں دیکھتے تو میں کہتا ہوں کہ ہر چینل پر میری برائی ہوتی ہے۔ صدر مملکت کا مزید کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے بھی پوری زندگی حالات کا مقابلہ کیا لیکن خود کو جھکنے نہیں دیا۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صدر آصف زرداری مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کیلئے ظہور الٰہی روڈ پر ان کے گھر پہنچ گئے۔ ملاقات میں چودھری سالک‘ چودھری شافع‘ موسیٰ الٰہی اور محسن نقوی اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد چودھری شجاعت کی تیمارداری تھا۔ ملاقات نصف گھنٹہ جاری رہی۔ صدر آصف زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر صدر آصف زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملکی اور سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کی بہتری اور ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے۔ محسن نقوی نے کہا چودھری شجاعت حسین سینئر سیاستدان ہیں اور پاکستان کے لئے ان کی گرانقدر خدمات ہیں۔ چودھری سالک حسین‘ چودھری شافع حسین اور چودھری موسی الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے بڑے زمینداروں پر ٹیکس لگانا پڑے گا: زرداری، شجاعت سے ملاقات
Jul 10, 2024