ڈی آئی خان: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کوئی بندوق لے کر اٹھتا ہے تو اس کے خلاف اسٹیٹ کو اٹھنا چاہیے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا ایشو لوکل نہیں عالمی مسئلہ ہے. ملک میں امن ہمارے لیے زیادہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور پارلیمان میں حلف بھی اسی بات کا اٹھایا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمان اور جمہوریت کی بات کرنے پر زیرعتاب ہیں. سیاسی جدوجہد قانون کے دائرہ کار کے اندر کررہے ہیں۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی غیر رسمی ملاقاتوں کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سربراہ جے یو آئی ف نے پی ٹی آئی کو اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویزدی اور کہا سڑکوں پر مشترکہ تحریک چلا کر معاملات حل ہوں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن کو مسترد کردیا اور کہا پہلے بھی اسمبلیوں سے باہر آکرغلطی کرچکے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی نے مولانا سے مکالمے میں کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں رہ کرپھر بھی تھوڑا بہت بول لیتے ہیں۔ذرائع کا بتانا تھا کہ آئندہ ہفتے پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمان سے اتحاد پر فیصلہ کن ملاقات کا امکان ہے۔