گیند پاکستان کے کورٹ مےں، ممبئی حملے کے ملزموں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی: نروپما راﺅ

نئی دہلی (ریڈیو مانیٹرنگ) بھارتی سیکرٹری خارجہ نروپماراﺅ نے کہا ہے کہ پاکستانی سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر سے ملاقات کا ابھی وقت طے نہیں ہوا تاہم مذاکرات اسی ماہ کے آخر مےں ہونگے۔ پاکستانی صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات معمول پر لانے کے لئے اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔ اب گیند پاکستان کے کورٹ مےں ہے۔ انہوں نے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ممبئی حملوں کے اصل ملزموں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔ پاکستان کے ساتھ تمام امور پر بات چیت آگے بڑھانا چاہتے ہےں۔ ممبئی حملے کے ملزموں کے خلاف کارروائی کر کے ایک قدم آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر اعتماد سازی کی ضرورت ہے، امید ہے پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ رہیں گے اور دہشت گردوں کے ہاتھ نہیں لگیں گے۔ جب جرمنی اور فرانس دوست ہو سکتے ہےں تو پاکستان اور بھارت کیوں دوست نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان سے انصاف مانگا ہے کوئی چاند نہیں مانگا۔ دہشت گردی کا کینسر پاکستان کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید کو بھارت مخالف تقاریر کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے۔ جب حافظ سعید بھارت مخالف تقریر کرتے ہےں تو بھارتی عوام کے جذبات کیا ہوں گے؟ بھارت پاکستان کی منتخب جمہوری حکومت کی حمایت کرتا ہے لیکن وہاں فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی اس عمل مےں کردار ادا کر رہی ہےں۔ دونوں ممالک کے درمیان ویزا پالیسی کو بتدریج بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکرٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات کا اگلا مرحلہ جون کے اختتام پر اسلام آباد مےں ہوگا۔ دونوں ممالک کے حکام سکیورٹی آبی اور تجارت کے معاملے پر بحث کریں گے۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے حکام متعلقہ معاملات پر موثر مذاکرات کر کے اہم نتائج برآمد کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن