لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اہم میچ آج کھیلا جا رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچوں میں شکست سے دوچار ہو چکی ہیں، ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کے لئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان مرو اور مر جا¶ والی پوزیشن کا میچ کھیلا جائیگا جو ٹیم بھی میچ ہاری وہ ٹورنامنٹ سے آ¶ٹ ہو جائے گی۔ پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کے پریکٹس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست سے دوچار کر رکھا ہے، آج کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 26 رنز سے جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے رکھی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے 9 کھلاڑیوں نے 18 سکور بنائے تھے جبکہ کپتان مصباح الحق نے 96 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ناصر جمشید نے 50 نمایاں رنز بنائے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ شام پانچ بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں ٹیم میں کتنی تبدیلیاں ہونگی، اس بات کا فیصلہ وکٹ دیکھنے کے بعد کیا جائیگا۔ برمنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بلے بازوںکو ذمہ داری کا خود مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم سٹین اور مورکل کے بغیر بھی خطرناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ہی ایک یا دو بلے بازوں نے اچھی کارکردگی سے ٹیم کو مشکلات سے نکالا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی اس کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی دکھانا چاہئے۔