”نوازشریف لیڈر“ مستقبل میں یہ بیان جاوید ہاشمی کے کام آسکتا ہے، حافظ حسین

لاہور(ثناءنیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں میاں نوازشریف کو لیڈر ماننے کی وجہ سے مخدوم جاوید ہاشمی پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بننے سے رہ گئے اسلام آباد میں بیان دینا اور ملتان میں واپس لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ عوام کو جاوید ہاشمی کا بیان پسند آئے یا نہ آئے جاوید ہاشمی نے فلور آف دی ہاﺅس اپنی ”پسند“ بتا دی۔ مجھ سے مشورہ لیتے تو میں جاوید ہاشمی کو بیان واپس نہ لینے کا مشوہ دیتا کیوں کہ یہی بیان مستقبل میں مخدوم صاحب کے کام آسکتا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح کمان سے نکلا تیر واپس نہیں آسکتا اسی طرح زبان سے نکلا بیان بھی واپس نہیں لیا جاسکتا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے نوازشریف کو لیڈر مان کر پی ٹی آئی کی ”بیڈ ریسٹ“ قیادت کے دل میں جو تیر پیوست کیا وہ بیان واپس لینے سے نہیں نکالا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں تو پارلیمنٹ اور وزیراعظم کی کوئی اہمیت نہیں تھی ڈرون حملوں کے بارے میں قرارداد کی کیا اہمیت ہوگی۔ تاہم اگر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی پرانی حکومت کی طرح کی باتیں کریں گے تو عوام میں مایوسی ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن