ایبٹ آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں 8 گرڈ سٹیشنز کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ مٹھی بھر دہشت گردوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے۔ نوازشریف ہمیشہ سٹریٹ ڈرائیو کھیلتے ہیں، نوازشریف نہ سلپ ہوتے ہیں نہ سلپ میں کیچ دیتے ہیں، نوازشریف عوام کی بہتری کیلئے جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، وہ عمران کی طرح کہہ کر مکرتے نہیں۔ کسی صوبے یا شخصیت کے خلاف نہیں بجلی چوروں کیخلاف ہوں۔ پورے ملک میں پیسکو نے ہزارہ میں اچھے نتائج دیئے ہیں، کسی کو بھی بجلی چوری نہیں کرنے دیں گے، بجلی چوروں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائیگا، ایبٹ آباد اور حطار کیلئے 132,132 کے گرڈ سٹیشنوں پر کام جاری ہے، ہزارہ ڈویژن میں تین ماہ میں 7 بلین روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔ وہ گزشتہ روز واپڈا ریسٹ ہائوس میں کھلی کچہری سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت نے لوگوں کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایس ای پیسکو کو حکم جاری کیا کہ وہ تمام مسائل کو فوری طور پر حل کر کے انہیں تحریری رپورٹ ارسال کریں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وہ کراچی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، مٹھی بھر دہشت گردوں کے عزائم پورے نہیں ہونے دیں گے، کراچی آپریشن کے ذریعہ تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، حکومت عام شہریوں کو مارنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کریں گے، الزام تراشی کی سیاست ختم کرنا ہوگی، ہم نے کبھی کسی صوبہ اور شخصیت کیخلاف بات نہیں کی، وزیراعظم نے جو ڈیوٹی دی ہے اسے ہر صورت میں پورا کیا جائیگا۔ نندی پور ٹاور پراجیکٹ 6 ماہ کے مختصر وقت میں مکمل کیا گیا ہے جس سے 100 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔
رمضان میں سحر و افطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی: عابد شیر
Jun 10, 2014