اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابی اصلاحات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے طے پاگیا، کمیٹی آئینی اصلاحات کمیٹی کی طرز پر کام کرے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سینیٹر رضا ربانی سے ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنانے اور انتخابی اصلاحات کا پیکج پارلیمنٹ میں پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا اور پارلیمانی کمیٹی پر سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ خورشید شاہ نے وزیر خزانہ سے کہا پیپلزپارٹی انتخابی اصلاحات کی مکمل حمایت کرتی ہے، پیپلز پارٹی کمیٹی کیلئے اپنے ارکان کے نام جلد حکومت کو بھجوا دے گی۔ دیگر جماعتوں سے حکومت خود رابطہ کرے جس پر وزیر خزانہ نے خورشید شاہ کو بتایا جلد وزیراعظم کی مشاورت سے حکومت رابطہ کار کمیٹی تشکیل دیدی جائیگی جو تحریک انصاف، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، فاٹا اور دیگر جماعتوں سے رابطے قائم کرے گی اور انتخابی اصلاحات کیلئے تجاویز مانگے گی۔ آن لائن کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنوں اور جلوسوں پر دبائو میں آکر انتخابی اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کے روز خورشید شاہ کے چیمبر میں ان سے اسحاق ڈار اور زاہد حامد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا حکومتی وفد نے الیکشن کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے ہم سے بات کی ہے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے الیکشن کمشن میں انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی بنائی جائے گی اور اس حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ ملاقات میں رضا ربانی اور نوید قمر بھی موجود تھے۔