اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے کامیاب عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ اپنے مشین ریڈایبل پاسپورٹ اپنے متعلقہ بنکوں کے ذریعے (آج) منگل تک جمع کرا دیں تاکہ مزید کارروائی کی جاسکے اور یہ پاسپورٹس 31 مارچ 2015 تک کارآمد ہونے چاہئیں۔ حکومت نے حج اخراجات میں ڈھائی لاکھ روپے تک کی کمی کی ہے اور درخواستوں کے ساتھ وصول کی جانے والی اضافی رقوم جلد واپس کر دی جائیں گی۔ حج آپریشن 27 اگست کو شروع ہو گا اور 28 ستمبر کو ختم ہو گا۔ عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تربیت اور ویکسین کے لئے اپنی پروازوں سے تین روز قبل قریبی حاجی کیمپ میں پہنچ جائیں۔ دریں اثناء سرکاری حج سکیم میں مسترد شدہ 2500 درخواستیں نظرثانی کیلئے وزارت مذہبی امور کو موصول ہوگئیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق بنکوں نے تقریباً ڈھائی ہزار درخواستوں پر وصولی کے غلط وقت کا اندراج کیا۔ درخواستوں پر اپیلوں کا فیصلہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔ وقت کی غلطی سے مسترد ہونے والی درخواستوں کو ہارڈشپ کوٹے کے تحت ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ کامیاب عازمین حج رقم واپس لینا چاہیں تو 31 جولائی تک ایسا کرسکتے ہیں۔
کامیاب عازمین حج کیلئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ جمع کرانے کی آج آخری تاریخ
Jun 10, 2014