لیپ ٹاپ خریداری: شہبازشریف نے کمپنی سے 7کروڑ 80لاکھ روپے چھڑا لئے

لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے ایک لاکھ لیپ ٹاپ خریدنے کے معاہدہ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ذاتی دلچسپی لیکر اور کمپیوٹر سپلائی کرنے والی کمپنی سے بات چیت کرکے ریٹ مزید کم کرکے 7کروڑ 80لاکھ روپے بچا لئے گئے۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد 2013ء کے میٹرک امتحانات میں اچھی کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عبداللہ سنبل نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا اس سال فورتھ جنریشن کے کمپیوٹر خریدے جا رہے ہیں جو اگست سے پاکستانی مارکیٹ میں آنا شروع ہونگے اس لیپ ٹاپ کی سکرین 15.6انچ ہو گی جبکہ 4جی پی ریم ہو گی۔ انہوں نے کہا معاہدے کے مطابق ہر ضلع میں سپلائی کرنے والی کمپنی ایک سروس سینٹر قائم کرے گی جبکہ وہ 4کروڑ روپے سوشل سروس پر خرچ کرے گی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی میدان میں غیرمعمولی سرگرمی دکھانے والے طالب علموں کو لیپ ٹاپ دینے کے لئے چھٹیوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ خریدنے کے لئے کام شروع کر دیا ہے۔ کمپنی نے جو بولی دی تھی وزیراعلیٰ پنجاب کی ذاتی کوششوں سے اس میں مزید 7کروڑ 80لاکھ روپے کی بچت ہو گئی ہے۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن عبداللہ سنبل نے کہا وہ طلبہ و طالبات جنہوں نے 2013ء میں میٹرک کیا اور ان کے نمبر 78فیصد یا اس سے اوپر تھے ان کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ انہوں نے بتایا حکومت پنجاب نے مدارس کے طلبا و طالبات کو اور سپیشل بچوں کو لیپ ٹاپ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بی ایس کے چار سالہ پروگرام کے طالب علموں کو دئیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا وفاقی حکومت جو ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرے گی اس میں سے پنجاب کو 40ہزار کا حصہ دیا جا رہا ہے اور کالجوں اور یونیورسٹیوں میں وفاقی حکومت لیپ ٹاپ دے گی۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے کہا اگلے مالی سال کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر مزید 5ارب روپے لیپ ٹاپ کے لئے رکھے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...