صدر ممنون حسین چار روزہ دورے پر نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا پہنچ گئے، دورے کے دوران تجارت، صنعت سیاحت،منشیات کی روک تھام سمیت مفاہمت کی کئی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے

Jun 10, 2014

ابوجا (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین چار روزہ سرکاری دورے پر نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا پہنچ گئے ہیں۔ پیر کو ابوجا میں ہوائی اڈے پر نائیجیریا کے وفاقی وزیر محمد بالا نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نائیجیریا میں پاکستانی سفارتخانہ کا عملہ اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی علاقے کے وزیر اور وزیر مہمانداری بالا محمد نے صدر کو ابوجا کی چابیاں بھی پیش کیں۔ مسلح افواج کے دستے نے بھی معزز مہمان کو سلامی دی۔  صدر مملکت اپنے دورہ نائیجیریا کے دوران صدر گڈلک جوناتھن سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔  صدر مملکت سے اس موقع پر نائیجیریا کے اعلیٰ حکام ، کئی صوبوں کے گورنراور اہم شخصیات بھی ملاقاتیں کریں گی جن میں سلطان آف سکوٹو بھی شامل ہیں۔اس دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے علاوہ تجارت، صنعت ، سیاحت،منشیات کی روک تھام سمیت مفاہمت کی کئی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔صدر اس موقع پر لاگوس میں بزنس سنٹر کے قیام کا اعلان کریں گے اور لاگوس اور ابوجا میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

مزیدخبریں