فٹبال ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں‘ برازیل میں میٹرو کارکنوں کے تنخواہیں بڑھانے کیلئے مظاہرے

Jun 10, 2014

لندن (بی بی سی)  عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ  12 جون سے برازیل میں شروع ہوگا جس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ دریں اثناء برازیل میں عالمی فٹ بال ورلڈکپ شروع ہونے سے صرف تین روز پہلے ساؤپاؤلو میں میٹرو کے کارکنوں نے مظاہرے کئے۔ میٹرو ورکروں نے جمعرات سے ہڑتال کر رکھی ہے جس سے ساؤ پاؤلو میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ میٹرو کارکن تنخواہوں میں 12 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اگر یہ ہڑتال رواں ہفتے جمعرات تک جاری رہی تو ورلڈ کپ کا پہلا میچ متاثر ہو سکتا ہے۔ساؤپاؤلو میں جمعرات 12 جون کو برازیل اور کروشیا کے درمیان ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔پیر کے روز پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ تقریباً تین سو افراد نے میٹرو یونین کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرہ کیا ۔اس دوران ہیلی کاپٹر مسلسل مظاہرین کے اوپر پرواز کرتے رہے۔برازیل کی صدر جیلما روسیف نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے موقعے پر پرتشدد مظاہروں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزیدخبریں