لاہور+کراچی (سپورٹس رپورٹر+این این آئی) کراچی ائر پورٹ پر دہشت گردی واقعہ کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ایک مرتبہ پھر سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی سوالیہ نشان بن کر رہ گئی۔ سری لنکا کے صدر نے خواہش ظاہر کی تھی کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی جس پر پی سی بی حکام نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ایک مختصر سیریز کے لئے شیڈول بنا پر بھیج رکھا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام کی جانب سے تشویش کے باعث مجوزہ سیریز کا انعقاد نا ممکن ہو گیا۔ دریں اثناء جنوبی افریقہ اورنیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نیپاکستان آنے سے منع کردیا۔جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اورنیوزی لینڈ کے جیکب اورم نے رمضان نائٹ ٹورنامنٹ کیلئے عمر ایسوسی ایٹس کرکٹ ٹیم سے معاہدے کئے تھے۔ دونوں کو معین خان اکیڈمی پرنائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا تھی۔علاوہ ازیں پاکستان اور بھارت کی ہاکی سیریز بھی کھٹائی میں پڑتی نظر آ رہی ہے۔ بھارتی ہاکی ٹیم نے تین ٹیسٹ میچز کیلئے بیس جون سے پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن اب دورے کی منسوخی کے بھی اشارے مل رہے ہیں۔