لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور منڈی بہائوالدین کے ضمنی انتخاب میں عوام نے عمران خان کی انتشار کی سیاست کو مسترد کرکے مسلم لیگ (ن) کی ترقی کی سیاست کی توثیق کی ہے، یقین دلاتا ہوں ہوں کہ پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کا بجٹ ہوگا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخاب مراحلہ وار کرائے جائیں تو بہتر ہوگا ، تاہم فیصلہ کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے معاملے میں صوبوں میں وفاق کی تقلید کی روایت ہے تاہم کوئی پابندی نہیں، پنجاب نے اس حوالے سے وفاق کی پیروی کرنی ہے یا اس سے زیادہ اضافہ کرنا ہے اس کا فیصلہ کابینہ میں بجٹ دستاویز کی منظوری کے موقع پر کیا جائے گا، ماڈل ٹائون واقعہ پر میں وزارت سے علیحدہ ہو کر تفتیش کے عمل سے گزرا اور بے گناہی کے بعد دوبارہ عہدہ سنبھالا لیکن خیبر پی میں پی ٹی آئی کے ایک موجودہ وزیر کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا لیکن اس نے استعفیٰ دیا نہ تحریک انصاف کی قیادت نے اس پر شرمندگی کا اظہار کیا، اس پر ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پری سیشن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ 12جون کو پیش کیا جائے گا اور 26جون تک ایوان سے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ کی منظوری لے لی جائے گی۔ ضمنی بجٹ میں ایک بڑی رقم ایمر جنسی کی صورت میں استعمال کی گئی جس میں 20ارب روپے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ریلیف کے لئے استعمال میں لائے گئے۔ پنجاب میں180روپے فی من کے حساب سے 130ارب روپے کا گنا خریدا گیا ہے اور اب تک 122.7ارب روپے کی ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان اور منڈی بہائوالدین کے قومی حلقہ این اے 108میں آنے والے انتخابی نتائج کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی تیار رہے مستقبل میں بھی اسی طرح کے نتائج آئیں گے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی والے بتائیں خیبر پی کے میں 27افراد کا قتل کس کے سر ہے وہاں سیاست اور حکومت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیوں نہیں کیا گیا۔ ایک شہید کے بوڑھے باپ کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ مخالفین کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لئے بنی گالہ میں باقاعدہ سیل بنا ہوا ہے۔ انہوں نے پنجاب میں بلدیاتی انتخاب بیک وقت یا مرحلہ وار کرانے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے اپنی بے گناہی پر کہا کہ انکوائری کمیشن کا ایک باقاعدہ قانون ہے جس میں حکومت رپورٹ کو قبول یا مسترد کر سکتی ہے اور اسے پبلک کرنا یا نہ کرنا بھی حکومت کی صوابدید ہے۔ میں وزارت سے علیحدہ ہو کر تفتیش کے عمل سے گزرا اور بے گناہی کے بعد دوبارہ عہدہ سنبھالا جبکہ خیبر پی کے میں نشے میں دھت وزیر نے بیلٹ بکس اٹھائے اور اسے ’’غیر سیاسی انتظامیہ اور غیر سیاسی پولیس‘‘ گھر چھوڑ کر آئی۔ پنجاب میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے حوالے سے فیصلہ 12 جون کو وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی میں پریس گیلری کے صحافیوں کو پیشہ وارانہ امور کی بہتر انجام دہی کے لئے احاطہ اسمبلی میں ایل ای ڈی (ٹی وی) لگا کر دی جائے گی۔ کل سے شروع ہونے والے اجلاس میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز (ترمیمی) آرڈیننس، یونیورسٹی آف جھنگ، یونیورسٹی آف ساہیوال، پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس، پراونشل موٹر وہیکلز (ترمیمی) بلز ایوان میں پیش کئے جائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا اختیار الیکشن کمشن کے پاس ہے: رانا ثناء اللہ
Jun 10, 2015