اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا گراف اُوپر جا رہا ہے، مسلم لیگ (ن) جب بھی الیکشن لڑتی ہے اپنے امپائر کھڑے کرتی ہے۔ منڈی بہائوالدین میں ہمیں پچھلی بار سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانا آسان ہے۔ انتخابات کو کبھی گڈے گڈی کا کھیل نہیں سمجھا۔ سب کہہ رہے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے تو ری الیکشن ہی ایک طریقہ ہے۔ میرا خیال ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے جنرل الیکشن آجائیں گے۔ ایک کروڑ ایکسٹرا بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ میں پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ ثبوت تھیلوں میں پڑے ہیں۔ ہم دوبارہ الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، ہمیں پہلے سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔ گلگت بلتستان کے الیکشن سے قبل حکومت نے 47ارب روپے کا پیکیج دیکر پری پول دھاندلی کی۔ ہم نوازشریف کی طرح نہیں کہ ڈر سے 4 چار حلقے بھی نہ کھولیں، ہم سارا الیکشن کھولنے کیلئے تیار ہیں۔ وہ لودھراں سے پی پی پی کے مستعفی ہونے والے ایم پی ایز شفیق ارائیں‘ رفیق ارائیں اور اعجاز لون کی شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ ڈمی پارلیمنٹ ہے میں تو اسمبلی میں نہیں جارہا، جوڈیشل کمشن اگر اسمبلیوں کو جائز قرار دیدے گا تب ہی میں اسمبلی میں جائوں گا۔
’’گڈے گڈی‘‘ کا کھیل نہیں سمجھا، سب کہتے ہیں دھاندلی ہوئی تو ری الیکشن واحد طریقہ ہے: عمران
Jun 10, 2015