امریکہ کااسرائیل کیلئے سب سے بڑا فوجی پیکج 10 سال میں 40 ارب ڈالر دے گا

Jun 10, 2016

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ نے اسرائیلی حکومت کو اب تک کا سب سے بڑا فوجی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے واشنگٹن میں امریکی یہودیوں کی بین الاقوامی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے لئے امریکہ کے نئے فوجی پیکج کا حجم 40ارب ڈالر ہے جو دس سال میں دیا جائے گا۔ جس کے ذریعے وہ اپنی فضائیہ اور میزائل دفاعی سسٹم کو تقویت دے سکے گا۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت نے اپریل میں سینٹ کے دباؤ پر اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے لئے امریکی فوجی امداد کی تاریخ کا سب بڑا فوجی پیکج دے گی۔ امریکہ اور اسرائیل نے 2018 ء میں ختم ہونے والے اپنے فوجی معاہدے کی مدت میں توسیع کے لئے بھی مذاکرات شروع کر دیئے ہیں۔ ان دونوں حکومتوں کی کوشش ہے کہ اس معاہدے کی مدت آئندہ 10 برسوں کے لئے مزید بڑھا دی جائے۔ بہت سے مبصرین امریکی حکومت کی طرف سے اسرائیلی حکومت کو دیئے جانے والے اس فوجی پیکج کو امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں