اسلام آباد (آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے مبینہ پاکستانی شہری محمد منشاء کی بے دخلی کے معاملے پر فرانس کے غیر مناسب رویہ پر سخت اور اصولی موقف اختیار کر تے ہوئے کہا ہے کہ کسی کی دھمکی میں آئے بغیر اپنے قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے، غیر تصدیق شدہ شخص کو کسی صورت پاکستانی پاسپورٹ کا اجراء نہیں کیا جائے گا، فرانسیسی وزارت کا رویہ نہایت غیر مناسب اور سفارتی آداب کے منافی ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد منشاء نامی شخص گذشتہ کئی سالوں سے فرانس میں مقیم تھا جس پر سنگین نوعیت کے اخلاقی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔فرانسیسی محکمہ داخلہ نے محمد منشاء کو پاکستان ڈیپوٹ کرنے کی غرض سے پاکستانی سفیر کو یہ پیغام دیا کہ محمد منشاء کو دو گھنٹوں میں سفری دستاویزات کا اجراء کیا جائے ورنہ دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں ۔پاکستانی سفیر نے اسلام آباد میںوزراتِ داخلہ سے رابطہ کیا اور فرانسیسی محکمہ داخلہ کے موقف سے آگاہ کیا۔جب صورتحال وزیرِداخلہ چودھری نثار علی خان کے علم میں آئی تو انہوں نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہ کسی غیر تصدیق شدہ شخص کو کسی صورت پاکستانی پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائے گا فرانسیسی وزارت کا رویہ نہایت غیر مناسب اور سفارتی آداب کے منافی ہے۔ پاکستان کسی دھمکی میں آئے بغیر اپنے قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔ اگر محمد منشاء کی ڈیپورٹیشن مطلوب ہے تو پاکستان کے قانون اور مروجہ طریقہ کار کے مطابق اس کے کوائف حکومت پاکستان کو مہیا کیے جائیں تاکہ اس کی شہریت کی تصدیق کی جا سکے۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ محمد منشاء کو لینے کا فیصلہ اسکی شہریت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ محمد منشاء کے معاملے میںاگر حکومت فرانس نے پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تو نہ صرف محمد منشاء کو اسی فلائٹ سے واپس بھیج دیا جائے گا بلکہ غیر قانونی طور پر پاکستان لانے والی ائیر لائنز کو بھی جرمانہ کیاجائے گا۔
نثار