پاکستان سعودیہ اور قطرکشیدگی میں مصالحانہ کرداراداکرے،بشارت مرزا

کراچی ( اسٹاف رپو رٹر ) پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزانے کہاہے کہ حکومت سعودی اور قطرکشیدگی میں فریق بننے کے بجائے مصالحانہ کرداراداکرے،پاکستان کے حالات پہلے ہی اس قابل نہیں کہ کسی بیرونی تنازعے میں ٹانگ پھنسائی جائے،عالمی تناظرمیںعالم اسلام کا متحدرہنااس وقت سب سے اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات اچھی طرح واضح ہوچکی ہے کہ سعودیہ اور قطر کشیدگی کے پس پشت امریکاہے لہٰذااس تنازعے سے دامن کو بچاناہی مناسب ہوگابلکہ پاکستانی حکمرانوں کو چاہئے کہ دونوں ممالک کو قائل کریں کہ تصادم کسی صورت بھی فائدہ مند نہیں ہوگا۔مشرق وسطیٰ جب تک متحدہے عالم اسلام متحدہے اور اگر خدانخواستہ دشمن کی چال کامیاب ہوگئی تو آپس کی لڑائی خودمسلمانوں کے لئے تباہ کن ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کوکسی بھی صورت میں اس تنازعے میں کسی فریق کی حمایت نہیں کرنی چاہئے بلکہ پاکستان دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر اس کشیدگی کو ختم کرانے میں بھرپورکرداراداکرے تو یہ اقدام لائق تحسین ہوگا۔انہوں نے کہاکہ قطرسعودی تنازعہ اسلامی ممالک کی معیشت پربھی برے اثرات مرتب کرے گا۔جس سے پہلے سے پریشانی کے شکاراسلامی ممالک مزید پریشان ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن