عمران سیاست سے فارغ، جے آئی ٹی کے ترجمان بن گئے: مریم اورنگزیب

Jun 10, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست سے فارغ اور جے آئی ٹی کے خودساختہ ترجمان بن گئے ہیں۔ الزام تراشی کرنے والے پارلیمنٹ پر حملے کے مرتکب ہوئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے جے آئی ٹی کے تحقیقاتی عمل کا حصہ بن کر سنجیدگی ظاہر کی۔ عمران نواز شریف کیلئے نہیں خود اپنی جماعت کیلئے خطرناک ہیں۔ الزام تراشی کے سہارے عمران کی سیاست زندہ نہیں رہ سکتی۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ خود جے آئی ٹی کے خودساختہ ترجمانوں نے بنایا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اب وزیراعظم نواز شریف اور اسحاق ڈار بھی جے آئی ٹی میں پیش ہونگے۔ اگلے سو دن بڑے اہم ہیں۔ اگر جے آئی ٹی کا بائیکاٹ کیا گیا تو عید سے قبل فیصلہ ہو سکتا ہے۔ جے آئی ٹی سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مجھ پر گلو بٹ سے حملہ کرایا گیا۔ افطار پارٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں شیخ راشد شفیق‘ چودھری فاروق اعظم‘ چودھری ظفر اور پی ٹی آئی کے چیئرمین یونین کونسل اظہر اقبال نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں، مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہوں گے، ملک نور اعوان نے مجھے ہراساں کیا، جس کو میں نہیں جانتا۔

مزیدخبریں