میئر کراچی کو کام کرنا نہیں آتا، مشرف جیسا دور چاہتے ہیں، نثار کھوڑو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے میئر کراچی کو کام کرنا نہیں آتااور وہ آمر پرویز مشرف کا دور چاہتے ہیں ،ان کی سربراہی میں بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدربھی موجود تھے ۔نثارکھوڑو نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے لیے12ارب روپے کابجٹ رکھا گیاہے جبکہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ہر ماہ 50کروڑروپے گرانٹ بھی دی جاتی ہے اور میئر کراچی یہ بتائیں کہ انھوں نے اپنے فنڈز میں سے کراچی کے لیے کتنی اسکیمیں دی ہیں۔انھوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا قانون سندھ اسمبلی نے منظور کیا ہے اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات بھی سندھ اسمبلی کے منظور کردہ قانون کے تحت دیئے گئے ہیں اگر اسمبلی کا یہ قانون اتنا خراب ہے تو پھر کسی نے اس قانون کو عدالت میں چیلنج کیوں نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنا پوری اسمبلی پر عدم اعتماد کے مترادف ہے اس لیے میئر کراچی کو سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج نہیں کرنا چاہیے تھا ۔انھوںنے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے لیے فنڈز دینے کے باوجود میئر کراچی اوربلدیاتی نمائندوں کا احتجاج اور ناانصافی کی باتیں مناسب نہیں ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ 187اسکیموں کا مطالبہ کرنے والے میئر کراچی یاد رکھیں کہ سندھ اسمبلی کے اراکین کی بھی اسکیمیں شامل نہیں ہوپاتیں اس لیے میئر کراچی احتجاج نہ کریں اور کام کریں ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو اپناکیا ہے اور کبھی شہر کو ڈس اون نہیں کیا ہے اور ہم سندھ کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دینگے۔انھوں نے کہا کہ میئر کراچی کی جانب سے اسکیموں کو جواز بنا کراحتجاج کرنا صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے ۔قبل ازیں پی ٹی آئی کے ظفر اقبال سمیت متعدد کشمیریوں نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا انھوں نے پارٹی میں شامل ہونے پر انھیں خوش آمدید کیا۔
نثار کھوڑو

ای پیپر دی نیشن