لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل و جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنماء پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بدترین ظلم و بربریت اور قتل و غارت گری سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھناممکن نہیں۔کشمیری قیادت و عوام پر عزم ہیں۔ قربانیاں و شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ جدوجہد آزادی کشمیر جلد نتیجہ خیز ہو گی۔ آٹھ لاکھ ہندوستانی فوج کو جنت ارضی کشمیر سے جلد نکلنا پڑے گا۔ پاکستان کے استحکام اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ بھارتی دبائو پر حافظ محمد سعید کی نظربندی سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا ہے۔ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز خیبر نشاط آبادفیصل آباد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ کشمیری آج یک زبان ہوکر آزادی کے نعرے لگارہے ہیں لیکن افسوس کہ پاکستان میں کشمیریوں کی سب سے مضبوط اوربلند آواز حافظ محمد سعید کو بیرونی دبائوپر نظر بندکر دیا گیا ہے ۔ کشمیریوں نے بھارتی نیندیں حرام کردی ہیں ۔ بھارتی مظالم کشمیریوں پر بڑھ رہے ہیں ۔بھارت کشمیرمیں بدترین مظالم کررہا ہے ۔عالمی اداروں کی بھارتی مظالم پر خاموشی سے پاکستانیوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔کشمیر میں بھارت غاصبانہ قبضہ قائم رکھنے کے لیے نوجوانوں ، بوڑھوں ،بچوں ، طالب علموں اور خواتین کو قتل کررہا ہے ۔بھارتی سیکیورٹی ادارے چادراور چاردیواری کا تقدس پامال کر رہے ہیں اور کشمیریوں کی منظم کشی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ،سندھ اور دیگر پاکستانی علاقوں میں بھارتی سازشیں دم توڑ رہی ہیں ۔بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کوقومی دھارے میں لایا جاچکا ہے۔ جما عۃ الدعوۃ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ دعوت ،خدمت خلق کا کام بھی کر رہی ہے۔
ظلم و بربریت، قتل و غارتگری سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھنا ممکن نہیں: عبدالرحمن مکی
Jun 10, 2017