نادرا ملازمین کی برطرفی‘ وکیل کی عدم پیشی پر سپریم کورٹ کی برہمی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے نادراکے برطرف ملازم کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت میں وکیل کی عدم پیشی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ پیشی پر وکیل پیش نہ ہوئے تو عدالت چیئرمین نادرا کو عدالت طلب کرے گی۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نادراکے سابق ملازم رحیم اللہ جان کو بلاجواز نوکری سے ہٹائے جانے کیخلاف دائراپیل کی سماعت شروع کی ، تاہم اس موقع پر نادرا کی جانب سے کوئی نمائندہ عدالت میں خاضرہوا نہ ان کے وکیل پیش ہوئے جس پر عدالت نے نا پسندیدگی کا اظہار کیا ،جسٹس شیخ عظمت سعید کاکہناتھاکہ کیس کی تین سماعتوں کے باوجود نادرا کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا ، جوناقابل قبول ہے ہمیں بتایا جائے کہ کیا نادرا کے پاس وکیل کرنے کے لئے پیسے نہیں یاکوئی اور وجہ ہے عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر نادرا اپنے وکیل کوپیش کرے ورنہ چیئرمین نادرا خود پیش ہوں، بعد ازاں مزید سماعت ملتوی کر دی گئی ۔

ای پیپر دی نیشن