کوالیفائنگ راونڈ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز، قومی ٹیم آج لندن پہنچے گی

Jun 10, 2017

لندن(چودھری اشرف) ورلڈ کپ 2018ءکے کوالیفائنگ راونڈ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز راونڈ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم آئر لینڈ سے آج لندن پہنچے گی۔ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل را¶نڈ 15 سے 25 جون تک کھیلا جائیگا جس میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو بھارت، کینیڈا، نیدرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 15 جون کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ رات گیارہ بجے شروع ہوگا۔ آئر لینڈ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ آج ٹیم آئرلینڈ سے لندن پہنچ جائے گی۔ تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے بڑی محنت کی ہے اب اسے اچھے نتائج بھی ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حریف ٹیموں کو فوکس کر رکھا ہے بڑا ٹارگٹ نہیں بنایا۔ ہر میچ کے مطابق اپنی حکمت عملی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہمارا میچ 18 جون کو کھیلا جائیگا جس کے لئے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط کیا گیا ہے۔ اچھے نتائج کے لئے میدان میں اتریں گے۔ 

مزیدخبریں