پی سی بی کے عہدوں پر براجمان افراد میرٹ پر پورا نہیں اترتے، محسن خان

Jun 10, 2018

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں اعلی عہدوں پر کچھ افراد ایسے ہیں جو میرٹ پر پورا نہیں اترتے۔ اس سطح پر آنے کے دو طریقے ہیں یا تو بڑی سفارش یا پھر زبان بند کر کے کام کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئر لینڈ اور انگلینڈ ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ہم نے فاش غلطیاں کی ہیں انکا ذمہ دار کون ہے۔ پاکستان آئر لینڈ کیخلاف فتح حاصل کرے تو کوئی بڑی بات نہیں ہے دونوں ٹیموں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ آئرش ٹیم کیخلاف ہماری فتح کوئی خبر نہیں ہے۔انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے موسم کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لارڈز میں انگلش کپتان جو روٹ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا۔دوسرے ٹیسٹ میں ہم نے وہی غلطی دہرائی۔ لیڈز میں انگلینڈ نے ہماری خامیوں سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھایا اور ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر بھی کر دی۔ نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے پاس کوئی دوسرا راستہ ہی نہیں ہے ہم نے متبادل کھلاڑیوں کو تیار ہی نہیں کیا۔مصباح الحق اور یونس خان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کے پیش نظر ہمیں مڈل آرڈر بلے باز تیار کرنیکی حکمت عملی پر کام کرنا چاہیے تھا لیکن ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹر کے پرفارمرز کو نظر انداز کیا جاتا ہے ہم ڈومیسٹک کرکٹ کو اہمیت کیوں نہیں دیتے۔ سیٹ بلے بازوں کے بیٹنگ آرڈر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے انکی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اظہر علی اور اسد شفیق کے بیٹنگ آرڈر کو چھیڑنا مناسب نہیں ہے۔

مزیدخبریں