سیمونہ ہالیپ نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنا منٹ پہلی بار جیت لیا

Jun 10, 2018

لاہور (سپورٹس ڈیسک)عالمی نمبر ایک رومانیہ کی سیمونہ ہالیپ نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنا منٹ پہلی بار جیت لیا ۔ فائنل میں ٹین سیڈ امریکی سیلونی سٹیفنز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی ۔ پہلے تین ٹورنامنٹ کے فائنل ہارنے والی سیمونہ ہالیپ نے فرنچ اوپن کے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ چیمپئن نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد اچھا کم بیک اور امریکی کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا ۔ انہوں نے تین چھ ‘چھ چار اور چھ ایک سے کامیابی سمیٹ کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ سیمونہ ہالیپ نے ٹائٹل جیتنے پر کہا کہ فائنل میںجوکچھ کر سکتی کیا ‘جو کچھ ہوا بہت حیران کن ہے ‘ٹائٹل جیتنے پر خوشی کا الفاظ میں بیان کرنا بہت مشکل ہے ۔ جب سے ٹینس کھیلنا شروع کی اس لمحہ کا خواب دیکھ رہی تھی ‘جو پورا ہو گیا ہے ۔ وہ فرنچ اوپن کے پہلے دونوں فائنل ہارچکی ہیں ۔ 2014ءمیں ماریہ شرا پووا اور2017ءمیں جیلینا اوسٹا پینکو جبکہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں کیرولین وزنیاکی کے ہاتھو ں شکست ہو ئی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت خوش اور آرام محسوس کر رہی ہوں ‘جیت کا دباﺅنہیں لوں گی ‘شائقین کی توقعات کے مطابق کھیل پیش کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی شکر گزار ہوں ۔ سیمونہ ہالیپ چوتھی خاتون کھلاڑی ہیں جو پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتی ہیں ۔ ان سے قبل کم کلسٹر‘کرس ایورٹ اور جانا نووٹنا یہ کارنامہ سر انجام دے چکی ہیں۔ وہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی رومانیہ کی دوسری خاتون کھلاڑی ہیں ‘ان سے قبل ورجینیا روزسکی نے 1978ءمیں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا تھا ۔


سیمونہ ہالیپ کو پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کیلئے 33بار کوشش کرنا پڑی ۔ انہوں نے 2008ءمیں گرلز کا سنگلز ٹائٹل جیتا تھا ‘پھر ویمنز کاٹائٹل جیتنے والی چھٹی خاتون کھلاڑی ہیں ۔

مزیدخبریں