اصغر خان کیس : اسد درانی‘ یونس حبیب سے کوئی پیسہ نہیں لیا‘ نوازشریف کا سپریم کورٹ میں بیان جمع

Jun 10, 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس میں اپنا بیان سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا جس میں انہوں نے اسد درانی سے پیسے لینے کی سختی سے تردید کی ہے۔ جماعت اسلامی نے بھی رقم لینے کا الزام جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنے وکلاءکے ذریعے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرایا جس میں ان کی جانب سے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی سے پیسے لینے کے الزام کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔نوازشریف کی جانب سے 4 صفحات پر مشتمل جواب داخل کیا گیا جس میں سے 3 صفحات جواب پرمشتمل ہیں جبکہ ایک بیان حلفی لگایا گیا ہے جس میں ان کی جانب سے بیان کی تصدیق کی گئی ہے۔ نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا انہوں نے کبھی اسد درانی سے 35 لاکھ یا 25 لاکھ کی رقم وصول نہیں کی اور نہ ہی ان کے نمائندے نے کوئی رقم وصول کی۔ جواب میں مزید کہا گیا نوازشریف اس بارے میں 14 اکتوبر 2015ءکو ایف آئی اے کی کمیٹی کو بھی بیان ریکارڈکراچکے ہیں۔نوازشریف نے اپنے بیان میں کہا انہوں نے یونس حبیب یا ان کی ہدایت پر بھی کسی سے 35 یا 25 لاکھ روپے نہیں لئے اور نہ ہی 1990ءکے الیکشن میں مہم چلانے کیلئے ڈونیشن کے نام پر کوئی رقم لی گئی۔ جواب کے ساتھ منسلک بیان حلفی میں کہا گیا اس بیان میں جو بھی حقائق دیئے گئے ہیں وہ میرے علم میں اور میںان کے حقائق کی پوری تصدیق کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا گیا جماعت اسلامی نے آئی ایس آئی سمیت کسی سے کبھی رقم نہیں لی۔ 2007ءمیں رضاکارانہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ بنی۔ بیان حلفی دیا تھا الزامات غلط ہیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے 6 افراد کو کراچی آفس طلب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو رقم ادائیگی سے متعلق یونس حبیب کے بیان کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے چھ افراد کو کراچی آفس طلب کرلیا ہے۔ یونس حبیب، یوسف میمن اور آفاق احمد کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔ جام معشوق، جام حیدر اور امتیاز شیخ کو بھی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا گیاہے۔ تمام افراد کو اصغر خان کیس سے متعلق ریکارڈ اور دستاویزات ساتھ لانے کا کہا گیا ہے۔ یونس حبیب نے 2012ءمیں انٹرویو میں کہا تھا سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 25 لاکھ روپے ادا کئے۔
اصغر خان کیس

مزیدخبریں