لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عیدالفطر قریب آتے ہی ماتحت عدالتوں میں ضمانتوں پر رہائی کیلئے دائر درخواستوں میں تیزی آ گئی ہے۔ سیشن کورٹس، ضلع کچہری و دیگر عدالتوں میں گذشتہ روز درجنوں نئی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں کی بھرمار کے باعث سیشن جج لاہور عابد قریشی نے ان کی سماعت کے لئے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ لاہور کی سیشن عدالتوں اور تینوں کچہریوں میں درخواست ضمانتوں کی تعداد میں معمول سے انتہائی زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ان درخواستوں کی ابتدائی سماعت کے بعد جوڈیشل افسران متعلقہ پولیس حکام سے ان مقدمات کا ریکارڈ طلب کر رہے ہیں جبکہ متعدد درخواستوں پر سماعت کے بعد ملزموں کی ضمانتوں پر رہائی کے احکامات بھی جاری کئے جا رہے ہیں، قیدیوں کے رشتہ داروں کی کوشش ہے کہ ان کا رشتہ دار قیدی بھی عید ان کے ساتھ گزار سکے، درخواست ضمانتوں کی بھرمار کے باعث وکلاء کے چیمبرز میں بھی سائلین کا رش بڑھ گیا ہے۔