فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ کی ہدایت پر ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے۔ گزشتہ روز ایس ای سیکنڈ سرکل خادم حسین لاڑا اور ایکسین پیپلز کالونی محمد فہیم شاہ کی سربراہی میں خصوصی چیکنگ ٹیم نے سابق صوبائی وزیر بدرالدین چوہدری اور دیگر دو صارفین کی ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری پکڑ لی۔فیسکو ٹیم کے میٹر اتارنے پر مبینہ بجلی چوروں نے میٹر چھین لئے اور سرکاری گاڑی کی چابی چھین کر ایک ملازم کو حبس بے جا میں بھی رکھا۔ پولیس نے مداخلت کرکے ٹیم کی جان بچائی۔ پولیس تھانہ بٹالہ کالونی نے الیکٹریسٹی ایکٹ 462-J کے تحت کارسرکار میں مداخلت پرمقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق فیسکو ٹیم نے سب ڈویژن بٹالہ کالونی کی حدود شالیمار پارک میں ایس ای خادم حسین اور ایکسین پیپلز کالونی کی سربراہی میں چھاپہ ماراتو سابق صوبائی وزیر بدرالدین چوہدری کے گھر میں کیبل سے ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی۔ بدرالدین کے بیٹے احسن بدر نے بجلی چوری پکڑے جانے پر محکمہ کے عملہ کے ساتھ بدتمیزی کی۔ عملے کے ایک رکن کو حبس بے جا میں رکھا، ان کو ماردینے کی دھمکیاں دیں۔