مسلم لیگی قائدین جبرو ناانصافیوں سے گھبرانے والے نہیں‘ سعیداللہ آفریدی

Jun 10, 2019

کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کراچی ویسٹ کے صدر سعیداللہ آفریدی نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کی وطن واپسی سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ مسلم لیگ کے قائدین جبرو ناانصافیوں سے گھبرانے والے نہیں اور جھوٹے مقدمات سے انہیں جھکایا جاسکتا ہے نہ ہی انہیں خریدا جاسکتا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر سندھ امان آفریدی‘ سینئر پارٹی رہنماو سابق میڈیا کوآرڈی نیٹر عبدالحمید بٹ اور سیکرٹری جنرل ڈسٹرکٹ ویسٹ رانا وارث سے ملاقات میں اظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورت حال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر سندھ امان آفریدی نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں دراصل حکومت کی ناکامی ہے۔ عمرانی حکومت ملک دشمنوں کے خلاف پسپائی اختیار کرکے ملک کو سنگین نقصان پہنچانے کا سبب بن رہے ہیں۔ سابق میڈیا کوآرڈی نیٹر عبدالحمید بٹ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کا سہرا ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کی مرہون منت ہے جنہوں نے اپنے اقتدار کی پرواہ کئے بغیر ملک دشمن قوتوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے افواج پاکستان کے ہاتھ مضبوط کئے۔ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے ثمرات ضائع کر رہی ہے۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قائد نواز شریف کے حکم ملتے ہی کارکن میدان عمل میں آجائیں گے اور نااہل حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔

مزیدخبریں