لاہور(سپورٹس رپورٹر )سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریزمیں کامیابی پانے والی پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کوچ ومنیجر اعظم خان نے کہا ہے کہ نامساعد حالات میں میزبان سائیڈ کیخلاف پاکستان کی جیت نیک شگون اورپاکستان کرکٹ کے بہتر مستقبل کی نوید ہے۔ہماری ٹیم نے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے سبب التوا کا شکار ہونے والی سیریز سے قبل قومی جونیئر تربیتی کیمپ میں بھرپور محنت کارگر ثابت ہوئی۔ مقامی سطح پر لاحق خطرات کے قطع نظرہمارے کھلاڑیوں نے کھیل پر توجہ مرکوز رکھی اورسیریز میں ملک کو کامیابی دلوائی، بیٹنگ کے شعبہ میں کپتان روحیل نذیر نے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی، ان کی شکل میں پاکستان کو مستقبل میں سٹار بیٹسمین مل سکتا ہے، حیدر علی میں بھی بہترین صلاحیتیں نظر آئیں جبکہ اختر شاہ اور شیراز خان محنت کریں تو ان کے کھیل میں نکھار آسکتا ہے۔ دورے میں سامنے آنے والی خامیوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کو دورہ جنوبی افریقہ سے قبل قومی تربیتی کیمپ میں دور کیا جائیگا، اوپنرز کی جوڑی کو مضبوط تر بنانے پر کام کرنے کے ساتھ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن میں بھی بہتری لائیں گے جبکہ مطلوبہ نتائج پانے کے لیے بولنگ پر مزید توجہ دی جائے گی، اس ضمن میں نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لانے کے لیے مواقع دیے جائیں گے تاکہ آئی سی سی ورلڈ جونیئر کپ 2020 میں اچھے نتائج سامنے آئیں۔ دورے میں ہمارے کھلاڑیوں نے شاندارڈسپلن کا مظاہرہ کیا جسے سری لنکا کرکٹ بورڈ حکام نے بھی سراہا جبکہ میزبان بورڈ نے مشکل حالات میں دورہ کا اہتمام کرنے پر پی سی بی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اوریقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں سری لنکا کرکٹ ٹیم موزوں وقت ملنے پر پاکستان کا دورہ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔