لاہور (سپورٹس رپورٹر) چھٹی ایشین بیچ ہینڈبال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے 12 رکنی قومی ہینڈ بال ٹیم بدھ کو چین روانہ ہو گی، چیمپئن شپ 15 سے 22 جون تک چین کے شہر وی ای آئی میں شیڈول ہے۔پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے صدر محمد شفیق کے مطابق چیمپئن شپ میں پاکستان کے وکٹری سٹینڈ تک رسائی پانے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ممالک کے درمیان کھیلے جانے ان مقابلوں میں قطر اپنے اعزاز کا دفاع کریگا جبکہ دیگر ممالک میں جاپان، فلپائن، تھائی لینڈ، ویت نام، چائنیز تائپے، ایران ، اومان، سعودی عرب، انڈونیشیا، پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔میزبان ہونے کے باوجود چین چیمپئن شپ میں شریک نہیں ہورہا، ایونٹ میں شرکت کے لیے 12 رکنی قومی ٹیم میں 10 کھلاڑیوں کے ساتھ 2 آفیشلز بھی چین جائیں گے۔محمد شفیق نے کہا کہ ایشین بیچ ہینڈ بال ایونٹ میں دلچسپ لیکن سخت مقابلے متوقع ہیں، تاہم سابقہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان وکٹری سٹینڈ تک پہنچنے میں ضرور کامیاب رہے گا، گزشتہ چیمپئن شپ میں پاکستان نے سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔