لاہور(سپورٹس رپورٹر )فیلڈ ہاکی میں سب سے زیادہ گول بنانے والے پاکستان کے مایہ ناز پنالٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس نے اپنی 41 ویں سال گرہ منا ئی۔سہیل عباس کو انٹرنیشنل ہاکی چھوڑے 6 سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا لیکن آج تک بھی کوئی کھلاڑی ان کا 348 گولز کا عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکا۔سہیل عباس فیلڈ ہاکی کا بڑا نام ہے، جس نے ہاکی کے میدانوں پر خوب دھوم مچائی، انہوں نے 9 جون1975 کو ایک سپورٹس گھرانے میں جنم لیا۔والد افتخار حسین فرسٹ کلاس کرکٹر تھے، لیکن سہیل نے ہاکی کو اپنایا،کراچی کے معروف سکول جہاں سے بہت سے بڑے نام پاکستان ہاکی کا حصہ بنے، سہیل عباس بھی ان میں سے ایک ہیں۔90ء کی دھائی میں سہیل نے جونیئر کی سطح پر نام بنایا اور پھر نیشنل ٹیم میں مقام پایا، 1998 میں بھارت کے خلاف سیریز سے انٹرنیشنل ڈیبو کیا یہاں سے بلندی کی جانب سفر شروع ہوگیا۔اسی سال اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 20 گول بنائے اور پاکستان کو پہلی مرتبہ ایونٹ کا فاتح بنوایا۔بہت ہی کم عرصے میں سہیل نے گولز کا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا، آٹھ اکتوبر 2004ء سہیل ان کے لیے یادگار دن تھا جب چیمپینز ٹرافی کے میچ میں سہیل عباس نے 268واں گول بنا کر ہالینڈ کے پال لیٹجن کو عالمی ریکارڈ سے محروم کر دیا۔ایک کلینڈر ائیر میں سہیل 60 گول کرنے والے واحد کھلاڑی ہیں، ڈھائی سال میں گولز کی فاسٹ سنچری اور 5 سال 5 ماہ میں فاسٹ ڈبل سنچری بھی سہیل ہی کے نام درج ہے۔سہیل عباس کا21 ہیٹ ٹرک کے ساتھ انٹرنیشنل ہاکی میں 348 گولز کا ریکارڈ آج بھی قائم ہے۔
پاکستان کے پنالٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس نے 41ویں سالگرہ منائی
Jun 10, 2019