اے این پی کارکنوں کے خیبر پی کے میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے

Jun 10, 2019

پشاور (صباح نیوز)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے کارکنوں نے اتوار کو مہنگائی کیخلاف کے پی کے میں بھرپور احتجاج کیا اور کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے ، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی کے خلاف خیبرپختونخوا میں احتجاجی مظاہرے کئے ، ٹانک میں بھی مہنگائی کیخلاف عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے کشمیر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں مہنگائی کیخلاف اے این پی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے، عوامی نیشنل پارٹی کارکنان نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، مظاہرین نے حکومت کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے۔ صوابی میں بھی عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔عوامی نیشنل پارٹی نے فاروق اعظم چوک چارسدہ میں مہنگائی اور ملکی صورتحال کے خلاف جلسہ منعقد کیا جس سے خطاب کے دوران عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان کی حکومت نے قلیل وقت میں ریکارڈ قرضے لئے ہیں، کمر توڑ مہنگائی نے متوسط طبقہ کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ حالات پر قابو نہیں پایا گیا تو ملک میں خونی انقلاب آ سکتا ہے، بہت جلد ملکی حالات اور مہنگائی پر آل پارٹی کانفرنس بلائی جارہی ہے۔

مزیدخبریں