لاہور (نیوز رپورٹر، صباح نیوز، این این آئی)مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف گزشتہ رو ز لندن سے پاکستان واپس آ گئے،لاہور ایئرپورٹ پر پارٹی صدر کا کارکنان و عہدیدار ان نے اسقتبال کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک، شائستہ پرویز، علی پرویزملک، احسن اقبال، امیر مقام ،ملک ریاض، وحید گل،سید توصیف شاہ، سہیل شوکت بٹ کی قافلے کے ہمراہ استقبال کے لئے ایئرپورٹ پہنچے۔ اس موقع پر ۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔اب حکومت کے ماتم کے دن ہیں،موجودہ حکومت نے عوام سے خوشیاںچھین لی ہیں اب الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر کی ملک واپسی پر لیگی کارکنوں کے لئے خوشی کا دن ہے۔ کارکنوں نے گل پاشی کی، شیر، شیر کے نعرے بھی لگائے۔ شہباز شریف کا قافلہ رنگ روڈ سے ہوتا ہوا اْن کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچا۔ ماڈل ٹاؤن میں لیگی کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھی مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے اور واٹر کینن بھی طلب کی گئی تھی ۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق ایئرپورٹ پر لیگی کارکنوں اور سکیورٹی اہلکاروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔جاتی امرا میں ملاقات کے دوران مریم نواز نے شہبازشریف کو نواز شریف کی صحت اور بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر اور اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق فیملی معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے اور پارٹی میں متحرک کردار پر مریم کو سراہا گیا۔ شہبازشریف نے 28 مئی یوم تکبیر کے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مریم نواز کو شاباش دی۔شہباز شریف نے کہا کہ نالائق حکومت نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ شریف فیملی پر آفتوں کے پہاڑ ضرور ہیں لیکن پہلے کی طرح مشکلات سے نکل جائیں گے۔ شریف فیملی متحد ہے، مخالفین باتیں کرتے رہتے ہیں۔جبکہ مریم نواز نے شہباز شریف سے کہا کہ پارٹی معاملات میں آپ کی کمی شدت سے محسوس ہوتی رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ شہبازشریف نے پارٹی کا نائب صدر بننے پر مریم نوازکو مبارکباد بھی دی۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما امیر مقام نے جاتی امرا میں صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کی۔
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے، صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پیر کو ڈھائی بجے پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کر لیا گیا، پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس بروز بدھ، 12 جون کو ہوگا۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاسآج بروز پیر مورخہ 10 جون کو دوپہر اڑھائی پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوگا۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کل 11 جون کو رمضان شوگر ملز اور آشیانہ کیس میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر فاضل عدالت کے جج کی طرف سے اظہار برہمی کیا گیا تھا اور شہبازشریف کے وکیل سے عدالت نے کہا کہ شہبازشریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ بتائی جائے اور انہیں عدالت میں حاضر کیا جائے تاکہ کیس کو جلدی نمٹایا جاسکے۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ شہبازشریف کو حاضری کیلئے پابند کیا جائے کیونکہ وہ جان بوجھ کر کیس کو التواء کا شکار کررہے ہیں۔ شہبازشریف 10 اپریل کو طبی معائنے کیلئے برطانیہ گئے تھے۔ شہبازشریف 7 ہفتوں بعد علاج کے بعد لندن سے واپس آگئے ہیں۔