وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے کم ٹیکس پاکستانی دیتے ہیں، 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں سب شرکت کریں، ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک اوپر نہیں اٹھے گا،عوام بے نامی اثاثے 30جون تک ظاہر کریں پھر موقع نہیں ملے گا، قوم میں جذبہ ہو تو سالانہ 10 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرسکتے ہیں، اسکیم کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کریں، ٹیکس دیکر ہمیں موقع دیں کہ قوم کو اپنے پاوں پر کھڑا کرسکیں۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام جاری 2منٹ 20 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق ہمارے پاس بہت سی معلومات ہیں، پاکستانیوں کے بینک اکا ونٹس کی معلومات آرہی ہیں جو پہلے کبھی کسی حکومت کے پاس نہیں تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ جن کا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے وہ 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں شریک ہوں اور اس سے فائدہ اٹھائیں اس کے بعد انہیں موقع نہیں ملے گا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلے دس سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا، سالانہ ہم 4 ہزار ارب ٹیکس اکھٹا کرتے ہیں جس میں سے آدھی رقم پچھلی حکومتوں کے لیے گئے قرضوں کی ادائیگیوں میں چلا جاتا ہے اور بچ جانے والے پیسے سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ عظیم قوم بننا ہے تو ہمیں خود کو تبدیل کرنا پڑے گا، قوم میں جذبہ آگیا تو ہم ہر سال 10 ہزار ارب روپے اکھٹا کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا پڑے گا، عوام آگے بڑھیں اور موقع دیں کہ ہم اس ملک کو پیروں پر کھڑا کریں اور لوگوں کو غربت سے نکالیں۔ تحریک انصاف کی حکومت رواں مالی سال معاشی ترقی کا طے شدہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔معاشی ترقی کی شرح نمو 6.2 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.3 فیصد رہی، زراعت اور صنعت کے شعبوں کی ترقی کے اہداف حاصل نہ ہو سکے تاہم بجلی اور گیس کے شعبوں میں ریکارڈ ترقی ہوئی، آئندہ مالی سال کیلئے معاشی ترقی کی شرح کا ہدف 4 فیصد رکھے جانے کا امکان ہے۔