پاکستان سپورٹس بورڈ کا ملک کی موجودہ سپورٹس پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر‘ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ملک کی موجودہ اسپورٹس پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، اٹھارویں ترمیم کی روشنی میں موجودہ سپورٹس پالیسی کا از سرنو جائزہ اور اس میں تبدیلی کی سفارشات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ پی ایس بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر فہیمدا مرزا کی صدارت میں ہوا جس میں موجودہ سپورٹس پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پالیسی کے جائزے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اٹھارویں ترمیم کے تناظر میں پالیسی میں تبدیلی پر سفارشات مرتب کرکے ایک ماہ میں پی ایس بی کو جمع کرائے گی۔

کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد علی شہزادہ کریں گے جبکہ دیگر اراکین میںہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان ٹینس فیڈریشن، ایک سابق ایتھلیٹ اور پی ایس بی کے قانونی مشیر شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد کھیلوں کے معاملات صوبائی حکومتوں کے سپرد کردیے گئے تھے تاہم بین الاقوامی ایونٹس میں میڈلز حاصل کرنے والے ایتھلیٹس میں انعامی رقوم کی تقسیم کے معاملات میں پی ایس بی اور صوبائی سپورٹس محکموں میں عدم اتفاق رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن