کرونا::مفروضے اور حقائق

مختلف قسم کے میسج پچھلے ہفتے پڑھنے کوملے۔ہر شخص آج کل کروناکا ڈاکٹر اور سائنسدان بنا ہوا ہے جو منہ میں آتا بول دیتا ہے اور بغیر سوچے سمجھے فارورڈ کر دیتا ہے۔یہ کالم ایک تحریر کے جواب میں لکھا گیا ہے جس میں مختلف فروٹ اور کھانے والی چیزوں کی پی ایچ (PH)دی گئی ہے۔لیموں کے رس کی پی ایچ 2-3 ہوتی ہے اور پائن ایپل کی پی ایچ 3-4 ہوتی ہے دونوں تیزابی ہوتے ہیںلیکن دونوں وٹامن سی سے مالا مال ہیں اسی وجہ سے یہ صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہیں، اگرانہیں گرم پانی میں لیا جائے تو گلے کو صاف کرنے کے لئے بہتر رہتے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ الکائن میڈیا میں کورونا وائرس مارا جاتا ہے لیکن ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ کس پی ایچ(PH) پر، لیکن یہ ایک عالمگیر حقیقت ہے کہ خاص طور پر وٹامنز، وٹامن سی، اے، ڈی، زنک، سیلینیم اور کچھ دوسرے وٹامنزاور منرلز جسم کی قوتِ مدافعت کو بڑھانے میں بہت اہم رول ادا کرتے ہیں۔اسکے علاوہ دہی، پیاز، زیتون، لہسن، آلو بخارہ، آڑو، بادام، زیتون کا تیل ہیں۔قدرتی رنگ کے پھل اور سبزیاں، اینٹی کینسر اور اینٹی آکسی ڈینٹ سے مالا مال ہیں، یہ سب قوت ِمدافعت میں اضافہ کرتے ہیں۔ روزانہ 10 گلاس پانی پئیں،عام سرجیکل ماسک پہنیں جس سے آپ کو کرونا ہونے کا امکان 70 فیصد سے کم ہوکر 1.5 فیصد رہ جاتا ہے۔ تین تہہ والا ماسک بہترین اور کافی ہے N95 کی ضرورت نہیں ہے۔کپڑے کا ماسک نہ پہنیں۔مزید کلونجی کے 7یا 8دانے روزانہ کھائیں اور سنامکی کا قہوہ روزانہ صبح و شام پئیں۔ہاتھوں کو صابن اور پانی سے دھوئیں جو بہترین ہے۔ کسی بھی عام صابن کی پی ایچ (PH) 8سے اوپر ہوتی ہے یہ وائرس کو مارنے میں بہترین رول ادا کرتا ہے۔ جب پانی دستیاب نہیں ہے تو کم ازکم 70فیصد الکوحل والا سینیٹائزر استعمال کریں۔ عام اینٹی سیپٹک لیکوئیڈ سے کورونا وائرس کو ختم نہ کریں اس میں 70فیصد الکوحل شامل نہیں ہے۔ ہاتھوں پر بلیچ نہ لگائیں جو آپ کی جلد کو نقصان پہنچا سکتا ہے،جو آپ کی جلد کو جلاسکتا اورالرجی کا سبب بن سکتا ہے۔ بلیچ صرف فرش،ٹیبل اور کاؤنٹر پرصفائی کے لیئے استعمال کریں صفائی کے دوران بلیچ صرف 1فیصد والا استعمال کریں ورنہ اس سے زیادہ طاقت کا بلیچ آپ کی صحت کیلئے مضر ثابت ہو گا۔ اچھے سینیٹائزرکو ایک دفعہ لگانے پر صرف 2 روپے لاگت آتی ہے، اگر آپ پانچ دفعہ سینیٹائزر لگاتے ہیں تو اس پر آپ کے 10 روپے روزانہ خرچ ہونگے اور اگر آپ ایک دن میں دو ماسک استعمال کریں گے جس پر آپ کو 30 روپے کی لاگت آئے گی۔ کل 40 روپے روزانہ کا خرچہ آپ کو کرونا سے بچا سکتا ہے۔ یہ کوئی مہنگا سودا نہیں، ان کا استعمال کرنا ضروری ہے۔ صحت مند رہیں، گھر رہیں، ہمیشہ ماسک پہنیں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں اورجو لوگ غریب ہیں ماسک خرید نہیں سکتے اْن کو آپ ماسک خرید کر تحفے میں دے دیں۔ اگر آپ کو کوئی بھی علامت مثلاً گلا خراب، بخار، خشک کھانسی،سینے پر دباؤ،سانس لینے میں دشواری ہو تو فورا ً اپنے معالج سے فون پر رابطہ کریں۔یاد رکھیں اس وقت سب سے زیادہ آپ کا مددگار آپ کا ڈاکٹر ہو سکتا ہے اس سے فون پر رابطے میں رہیں، گاہے بگاہے تکلیف کی صورت میں مشورہ کرتے رہیں اور اپنے معالج کی ہدایات پر عمل کریں۔ آپ اپنے تعلقات ڈاکٹروں سے اچھے رکھیں اس وقت آپ کے اہل خانہ سے زیادہ آپکا مددگار آپ کا ڈاکٹر ہو سکتاہے اور آپ اپنے ڈاکٹر سے اسی صورت میں رابطہ کر سکتے ہیں جب آپ کے تعلقات اپنے معالج سے اچھے ہوں۔ اپنے ڈاکٹروں کی دل سے عزت اور قدر کریں آپ کو کسی بھی لمحے کسی بھی ڈاکٹر کی ضرورت پڑھ سکتی ہے۔کورونا ایک مسلمہ حقیقت ہے ورنہ اس سے ڈاکٹر نہ مریں۔خدار۔ ماسک پہنیں،سینیٹائزر استعمال کریں، گھر پر رہیں،ہدایات پرعمل کریں، غیر ضروری بازار نہ جائیں۔

ای پیپر دی نیشن