لندن/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن/ نیوز کانفرنس) گلوبل پاکستان و کشمیر سپریم کونسل کے زیر اہتمام لندن میں ورچوئل کانفرنس ہوئی صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے خطاب کیا صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مودی سرکار کشمیر میں نئی حلقہ بندیاں کر رہی ہے نئی حلقہ بندیوں کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی آبادی کم ظاہر کرنا ہے بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کیخلاف ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں سنی جا رہی ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 24گھنٹے کے اندر 10 کشمیریوں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ جو بھارتی فوج لداخ میں چین کی افواج کے آگے لیٹ گئی ہے وہ نہتے اور بے گناہ شہریوں کے لئے مقبوضہ کشمیر میں شیر بنی پھرتی ہے جو کسی بھی پیشہ ور فوج کا طرز عمل نہیں ہوتاہے۔ صدر آزادکشمیر نے اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا کہ اس وقت کرونا وائرس کی آڑ میں نافذ لاک ڈائون کو بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے او رنوجوانوں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے اور ان میں سے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو گرفتار کر نے کے بعد جیلوں میں بند کر کے اُن پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے بھارتی حکومت کی طرف سے نافذ کیے گے ڈومیسائل قوانین کو اقوا م متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ان قوانین کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کی ہیت کو تبدیل کر کے ریاست کے اصل باشندوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے جس کے خلاف کشمیری مزاحمت کر رہے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے بھارتی قابض فوج کی طرف سے آزادکشمیر کے درہ شیر خان سیکٹر میں بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں چار زخمیوں کے واقعہ کی مذمت کی ۔ ادھر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے شاہدرہ کے پی ٹی آئی رہنما میاں وحید احمد، ملک آ صف جاو یداور محمد طلا ل اعجاز کی ملاقات، وفد نے این اے 123کیلئے گورنر کی طرف سے مستحق افراد کیلئے 20000سے زیادہ راشن کے پیکٹ بھیجنے کا شکریہ ادا کیا۔ چوہدری محمد سرور نے پاکستان پر حملے کی بھارتی دھمکی کو مودی کا پاگل پن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف حماقت کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑی مارے گا۔ نر یندر مودی اور امیت شاہ کو پاکستان پر حملے کی دھمکی سے پہلے27فروری کا انجام یا درکھنا چاہیے ۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے ۔جنر ل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے گی۔