لاہور/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+آن لائن) گورنر ہاؤس کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ گورنر پنجاب چودھری سرور کا کرونا ٹیسٹ منفی ہے اور وہ قرنطینہ میں نہیں ہیں جبکہ ان کے ڈرائیور کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں میں صداقت نہیں ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کرونا ٹیسٹ ایک بار پھر منفی آ گیا۔ چند روز قبل ملاقات کرنے والے دوست میں کرونا کی تصدیق پر انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جو منفی آیا ہے۔ انہوں نے عوام سے ماسک پہننے اور احتیاطتی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کر دی ہے۔ منگل کے روز ٹویٹر پر جاری پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ دو روز قبل ایک دوست سے ملاقات کی جس نے پیغام بھجوایا کہ وہ کرونا کا شکار ہو چکا ہے ہم نے ماسک پہن کر 8 فٹ کے فاصلے پر بیٹھ کر ملاقات کی تھی۔علاوہ ازیں وزیر مملکت شہر یار آفریدی کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا تاہم وزارت صحت کے مطابق وہ ابھی کچھ دن قرنطینہ رہیں گے۔ دو روز بعد ان کا بھی ٹیسٹ کیا جائیگا۔ دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر شہر یا آفریدی قرنطینہ سے نکل سکیں گے۔ شہر یار آفریدی میں 29 مئی کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ دوسری جانب شہر یار آفریدی کی اہلیہ میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گھر کے دو ملازمین کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے جن کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب کرونا نیگٹیو ‘فواد چودھری کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی‘ شہر یار آفریدی صحتیاب‘ اہلیہ 2 ملازمین وائرس کا شکار
Jun 10, 2020