اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی‘ نمائندگان‘ نامہ نگاران‘ ایجنسیاں) دنیا بھر میں 71 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 4 لاکھ سے زیادہ اموات کا سبب بننے والا مہلک نوول کرونا وائرس پاکستان میں بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر رہا ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات ہورہی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ابھی تک کرونا وائرس کے ایک لاکھ 10 ہزار 851 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 2216 کا انتقال ہوچکا ہے۔21 گھنٹے کے دوران ابھی تک ملک میں 4 ہزار 677 نئے کیسز اور ریکارڈ 104 اموات بھی رپورٹ کی گئی ہیں۔ کرونا کیسز کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوا اور 3 ماہ سے زائد کے وقت میں یہ کیسز ایک لاکھ سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی 2 ہزار سے بڑھ گئیں جو تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہیں۔ پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں، اس کے بعد اپریل میں یہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار تک گئی اور اموات 385 تک جا پہنچیں۔ تاہم مئی میں صورتحال مکمل تبدیل ہوئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز سے مجموعی تعداد 71 ہزار اور 1100 سے زائد اموات سے یہ تعداد 1500 کا ہندسہ عبور کر گئی۔ اس کے بعد جون کے مہینے میں بھی کافی تیزی دیکھنے میں آئی اور ابتدائی 8 روز میں 35 ہزار سے زائد کیسز اور 600 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔ کرونا وائرس کے مزید 1748 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے کیسز کے بعد اب تک کی مجموعی تعداد 41 ہزار 303 ہوگئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ نئے کیسز گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے 6995 ٹیسٹس کا 25 فیصد ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں اب تک 2 لاکھ 46 ہزار 517 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 696 تک پہنچ گئی۔صوبہ پنجاب میں مزید 1916 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ ایک روز کی ریکارڈ 58 اموات ہوئیں۔ سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق صوبے میں 1916 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 40 ہزار 819 تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ صوبے میں ایک روز میں ریکارڈ 58 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموعی تعداد 773 تک پہنچ گئی۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 456 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔جس کے بعد اب تک علاقے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 329 سے بڑھ کر 5 ہزار 785 ہوگئی۔ محکمہ صحت خیبر پی کے کے مطابق کرونا کے مزید 521 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 14527 ہوگئی۔ صوبے میں مزید 23 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی مجموعی تعداد 610 ہوئی ہے۔جاں بحق ہونے والے ان 23 مریضوں میں سے 12 کی پشاور، ایبٹ آباد اور لوئر دیر میں 3، 3، سوات میں 2 جبکہ مردان، مالاکنڈ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایک، ایک کی موت واقع ہوئی۔ ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا اور مزید 20 افراد کے متاثر اور ایک کی موت کی تصدیق ہوگئی۔اعداد و شمار کے مطابق گلت بلتستان میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 932 سے بڑھ کر 952 تک پہنچ گئی۔ مزید یہ کہ ایک موت کے بعد یہ تعداد 13 سے بڑھ 14 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 16 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں تعداد 396 سے بڑھ کر 412 ہوگئی۔اس کے علاوہ ایک موت سے وہاں اب تک اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ تاہم جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا وہی اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کو مزید 663 افراد نے شکست دے دی۔جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار 355 سے بڑھ کر 35 ہزار 18 تک پہنچ گئی۔ مصدقہ کیسز 110851اموات: 2216صحتیاب: 35018فعال کیسز: 73356اس وقت پاکستان میں سندھ میں کیسز کی تعداد 41 ہزار 303 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 40 ہزار 819 ہے۔ خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس سے 14 ہزار 527 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7031ہے۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں 5 ہزار 785، گلگت بلتستان میں 974 اور آزاد کشمیر 412 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔ ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:پنجاب: 773سندھ: 696خیبرپختونخوا: 610بلوچستان: 58اسلام آباد: 52گلگت بلتستان: 14آزاد کشمیر: 09 ہے۔ نوشہرہ ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کرونا کی شکار مریضہ کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی محلہ مسلم ٹائون کے رہائشی احمد علی سدھو مرحوم کی اہلیہ جن کی موجودہ رہائش سیٹلائٹ ٹائون گوجرانوالہ میں ہیں وہ ایک ہفتہ سے کرونا کے مرض میں مبتلا تھی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو مراعات دینے کے لیے سفارشات تیار کرلیں۔ڈاکٹرز سمیت دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد مراعاتی پیکیج کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ جون، جولائی کے لیے اضافی ضروریات کا جائزہ اور فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے کے لیے مراعاتی پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق کشمیر کالونی راہوالی کی ساٹھ سالہ خاتون کرونا وائرس سے وفات پا گئی اخبار فروش عمران مانا مغل محمد اشرف مغل کی والدہ محترمہ چند روز سے بیمار تھیں۔ کشمیر کالونی راہوالی کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا نماز جنازہ میں اخبار فروش یونین کے صدر تنویر کمبوہ نائب صدر غلام نبی سیکرٹری علی حسن زمرد بیگ شکیل احمد عمر حیات و دیگر اراکین کے علاوہ عزیزواقارب نے شرکت کی۔ دنیا بھر میں کرونا مریضوں کی تعداد 71 لاکھ سے زائد جبکہ اموات 4 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں بھارت میں کرونا وائرس سے چوبیس گھنٹوں کے ریکارڈ 331اموات ہوئیں اور اس عرصے کے دوران متاثرین کے نئے کیسوں کی تعداد بھی بڑھ کر 9987 ہو گئی۔ مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
کرونا : مزید 104افراد جاں بحق، 4677نئے کیسز ، صورتحال تشویشناک ہونے لگی
Jun 10, 2020